ابوظہبی: ایشیا کپ ٹی 20کپ2025 کے 11 ویں میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سپرفور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا اور ساتھ ہی افغان ٹیم کا ایونٹ میں سفر ختم ہوگیا۔
سری لنکا نے افغانستان کا 170 رنز کا ہدف با آسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
ایشیا کپ میں گروپ بی کا یہ اہم میچ ابوظہبی میں کھیلاگیا جہاں افغانستان کے کپتان راشد خان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
افغانستان کی اننگز
افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز اسکو رکیے۔محمد نبی 22 گیندوں پر 60 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ ان کی اس اننگز میں 6 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
اس کے علاوہ ابراہیم زادران اور راشد خان 24،24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ صدیق اللہ نے 18 اور رحمان اللہ گرباز نے 14 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے نوان تھوشارا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی اننگز
سری لنکا نے افغانستان کا 170 رنز کا ہدف با آسانی 19 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔کوشل مینڈس 74 اور کمندو مینڈس 26 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔اس کے علاوہ کوشل پریرا 28 اور اسالنکا نے 17 رنز بنائے۔
اس شکست کے بعد افغانستان کا ایشیا کپ 2025 میں سفر ختم ہوگیا جبکہ گروپ بی سے سری لنکا اور بنگلادیش نے سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
گروپ بی میں سری لنکا مسلسل 3 میچز میں کامیابی کے ساتھ 6 پوائنٹس حاصل کرکے پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ بنگلادیش کے 4 پوائنٹس ہیں۔