فیفا ورلڈ کپ 2026 :اسرائیلی ٹیم کی شرکت پر اسپین کاایونٹ سے بائیکاٹ کی دھمکی

ارجنٹائن(کشمیر ڈیجیٹل)اسپین نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اسرائیل کی شرکت پر ایونٹ کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپین کی حکومت نے اسرائیل کے 2026 کے فیفا ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کی صورت میں ایونٹ سے دستبردار ہونے کا عندیہ دیا ہے۔

یورپی چیمپئن اسپین جسے اگلے سال فیفا ورلڈکپ کے ٹائٹل کے مضبوط امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے، نے یہ دھمکی اسرائیل کی غزہ میں جارحیت کے خلاف ایک بڑے سیاسی احتجاج کے طور پر دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ انتباہ اسپین کی حکمران سوشلسٹ ورکرز پارٹی (PSOE) کے رہنماؤں کی طرف سے جاری کیا گیا۔

اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز اس مطالبے میں پیش پیش ہیں کہ اسرائیل کو عالمی کھیلوں میں شامل نہ کیا جائے۔

انہوں نے اس معاملے کا موازنہ روس سے کیا جس پر یوکرین پر حملے کے بعد فیفا اور یو ئیفا نے پابندی لگادی تھی۔

سوشلسٹ ورکرز پارٹی کے نمائندے Patxi Lopez نے بھی اس مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی تنظیموں کو اسرائیل کو الگ کرنا چاہیے اور اگر کوئی قدم نہ اٹھایا گیا تو اسپین کے دستبردار ہونے کے امکان پر غور کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسپین نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کے لیے اسرائیل پر ہتھیاروں کی فراہمی سمیت مختلف پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ 2026 کی میزبانی امریکا ، کینیڈا اور میکسیکو نے کرنی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امریکی صدر ٹرمپ کا طالبان حکومت سے بگرام ایئربیس واپس لینے کا اعلان

Scroll to Top