وادی لیپہ: صحافی رضوان اعوان کو تمغہِ شجاعت سے نوازا گیا

(کشمیر ڈیجیٹل) وادی لیپہ کے صحافی رضوان اعوان کو بہترین صحافتی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ شجاعت سے نوازا گیا۔ وہ معرکۂ حق کے دوران اگلے مورچوں پر موجود رہے اور بروقت رپورٹنگ کرتے رہے۔

اس موقع پر رضوان اعوان نے کہا کہ صحافت ایک مشکل پیشہ ہے کیونکہ یہاں حقائق کو سامنے لانا پڑتا ہے۔ انہوں نے انٹرویو لینے پر کشمیر ڈیجیٹل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق میں کامیابی پر عوام کو، بالخصوص فیلڈ مارشل عاصم منیراور افواجِ پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ وادی لیپہ سیکٹر میں اس سے پہلے کبھی اتنی شدید فائرنگ دیکھنے میں نہیں آئی، بٹالین تباہ ہوئیں اور سب سے زیادہ فخر کا لمحہ وہ تھا جب بھارت کو امن کے لیے سفید جھنڈے لہرانا پڑے اور انھیں جان چھوڑنے کی اپیل کرنی پڑی۔

رضوان اعوان کا کہنا تھا کہ ہم نے میڈیا کے ذریعے بھارت کی جھوٹی خبروں کا بھرپور مقابلہ کیا۔ کئی مواقع پر جان بچانا مشکل ہو گیا، مگر ہم نے فائرنگ کے دوران بھی رپورٹنگ جاری رکھی۔ ایک وقت ایسا بھی آیا جب پوری رات فوجی جوانوں کے درمیان گزارنی پڑی اور گولہ باری جاری تھی۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیراور اسلام آباد کے مختلف مقامات پر موسلادھار بارش

انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح آپریشن بنیان مرصوص کے دوران عوام کا جذبہ فوج کے شانہ بشانہ تھا وہ ناقابلِ فراموش ہے۔ بھارت کے مہنگے طیارے گرنے کے بعد مودی اپنی قوم کو سمجھانے پر لگا ہوا ہے۔ اگر بھارت نے دوبارہ ایسی حرکت کی تو ہماری قوم پھر بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

Scroll to Top