ٹرمپ کے اعزاز میں برطانوی شاہی خاندان کا عشائیہ، شاہ چارلس کا خراج تحسین

لندن (کشمیر ڈیجیٹل) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں برطانیہ کے شاہی خاندان کی جانب سے ونزر کاسل میں شاندار عشائیہ دیا گیا۔

تقریب میں برطانوی بادشاہ چارلس نے صدر ٹرمپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے پیچیدہ تنازعات کے حل میں ان کی کوششیں قابل تعریف ہیں، جبکہ امن کے لیے ان کا عزم بے حد اہمیت رکھتا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا اور برطانیہ کے تعلقات دہائیوں سے قابل فخر ہیں، اور برطانیہ کا دورہ ان کی زندگی کے بڑے اعزازات میں شمار ہوتا ہے۔

امریکی صدر اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کی ونزر کاسل آمد پر شاہی خاندان نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ٹرمپ نے بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، جبکہ فوجی تقریب میں شاہی فضائیہ کا فلائی پاسٹ اور شاندار پریڈ بھی پیش کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودیہ اور پاکستان ایک ہی صف میں، سعودی وزیردفاع کا اردو میں ٹویٹ

یہ صدر ٹرمپ کا برطانیہ کا دوسرا سرکاری دورہ ہے، جس دوران امریکا اور برطانیہ کے درمیان سرمایہ کاری کے متعدد معاہدوں کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ صدر ٹرمپ آج برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر سے بھی ملاقات کریں گے۔

Scroll to Top