(کشمیر ڈیجیٹل)سب ڈویژن سماہنی میں محکمہ شاہرات کی سنگین غفلت سامنے آ گئی ہے۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی شاہراہ جموں کئی مقامات سے بیٹھنا شروع ہو گئی، جس سے نہ صرف سڑک کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ مقامی آبادی کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چوکڑی کے قریب نکاسیٔ آب کا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے سڑک کنارے موجود ایک شہری کا کھیت منی ڈیم میں تبدیل ہو گیا۔ کھیت میں کھڑا پانی جہاں مکئی کی فصل کو برباد کر گیا، وہیں سڑک کے نیچے بہاؤ پیدا ہونے سے شاہراہ جموں پر شگاف پڑنے لگے ہیں۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ کھیت میں جمع پانی بیماریاں پھیلانے کا ذریعہ بن چکا ہے اور علاقے میں ملیریا، ڈینگی اور ڈائیریا کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ صورتِ حال نے مقامی آبادی کو سخت تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ محکمہ شاہرات کے عملے کی مجرمانہ غفلت کے باعث کروڑوں کی لاگت سے بننے والی سڑک قبل از وقت تباہی کے دہانے پر ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعظم اور متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔