نیتن یاہو نے دوحہ حملے سے پہلے ٹرمپ کو آگاہ کیا!امریکی میڈیا کا انکشاف

(کشمیر ڈیجیٹل)امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دوحہ پر حملے سے 50 منٹ قبل ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو آگاہ کردیا تھا۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ دعویٰ تین اسرائیلی حکام نے کیا، جنہوں نے بتایا کہ دوحہ میں حماس قیادت پر میزائل حملے سے پہلے ہی واشنگٹن کو اطلاع دی گئی تھی۔

حکام نے مزید بتایا کہ نیتن یاہو اور صدر ٹرمپ کے درمیان پہلے سیاسی سطح پر رابطہ ہوا، اس کے بعد فوجی حکام نے مزید تفصیلات فراہم کیں۔

اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا محض دکھاوا کر رہا ہے، اگر صدر ٹرمپ چاہتے تو اس حملے کو روک سکتے تھے۔ ان کے مطابق اگر ٹرمپ مخالفت کرتے تو اسرائیل قطر پر حملے کا فیصلہ واپس لے لیتا۔

یہ بھی پڑھیں: نیپال میں پہلی بار وزیراعظم سوشل میڈیا ووٹنگ سے منتخب

واضح رہے کہ اسرائیل نے 9 ستمبر کو دوحہ میں حماس قیادت کو نشانہ بنایا تھا۔ اس واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس نے کہا تھا کہ امریکا کو اس وقت اطلاع دی گئی جب اسرائیلی میزائل پہلے ہی فضا میں داغے جا چکے تھے اور صدر ٹرمپ کے پاس مخالفت کا موقع نہیں بچا تھا۔

Scroll to Top