ایشیا کپ، پاک بھارت ٹاکرے سے قبل دبئی پولیس کا انتباہ جاری

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ 2025 کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے جارہا ہے۔ دبئی کی ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی نے شائقین پر زور دیا ہے کہ وہ اس موقع پر کھیل کے جذبے کو برقرار رکھیں اور اسٹیڈیم کے قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کریں تاکہ دبئی کی پہچان عالمی معیار کے کھیلوں کے انعقاد کی مرکز کے طور پر قائم رہے۔

دبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمانڈر انچیف برائے آپریشنز اور ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل سیف مہیر المزروعی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے تمام میچز کے لیے خصوصی پولیس یونٹس مکمل طور پر تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی میں خلل ڈالنے والی کسی بھی کارروائی سے سختی سے نمٹا جائے گا اور تماشائیوں اور سہولیات کے تحفظ کے لیے قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے وفاقی قانون برائے اسپورٹس فیسلٹیز اینڈ ایونٹس کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا، پچ پر بغیر اجازت داخل ہونے یا آتش گیر اور ممنوعہ سامان ساتھ لانے پر ایک سے 3 ماہ قید اور 5 ہزار سے 30 ہزار درہم تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

اسی طرح تشدد، اشیا پھینکنے یا نسل پرستانہ اور توہین آمیز زبان استعمال کرنے والے افراد کو بھی قید اور 10 ہزار سے 30 ہزار درہم تک جرمانے کی سزا دی جاسکتی ہے۔

ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی نے شائقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ میچ سے کم از کم 3 گھنٹے قبل اسٹیڈیم پہنچیں، ہر ٹکٹ پر صرف ایک بار داخلہ ملے گا، درست اور اصلی ٹکٹ ساتھ رکھیں اور ممنوعہ اشیا لانے سے گریز کریں۔ کمیٹی نے یہ بھی واضح کیا کہ غلط پارکنگ یا سڑکوں کو بلاک کرنے جیسے اقدامات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

انتظامیہ کے مطابق ممنوعہ اشیا میں آتش بازی کا سامان، آتش گیر مواد، لیزر، چھتریاں، بڑی کیمرے لینز، سیلفی اسٹکس، نوکیلی اشیا، زہریلے مواد، پالتو جانور، جھنڈے، بینرز، ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز، سائیکلیں، اسکوٹرز، اسکیٹ بورڈز اور شیشے کی بنی اشیا شامل ہیں۔

میجر جنرل المزروعی نے کہا کہ یہ تمام پابندیاں تماشائیوں، کھلاڑیوں، آفیشلز اور دیگر شرکا کی حفاظت کے لیے عائد کی گئی ہیں تاکہ ایونٹ خوشگوار اور محفوظ ماحول میں مکمل ہوسکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:محکمہ شاہرات وٹھیکیدار کی ملی بھگت،گہوڑی سڑک تباہی کے دھانے پر پہنچ گئی

Scroll to Top