روس میں 7.4 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

(کشمیر ڈیجیٹل) روس کے مشرقی علاقے کامچٹکا میں ہفتے کے روز ایک بار پھر شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز سمندر کی گہرائی میں تھا۔

زلزلے کے باعث ساحلی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مقامی حکام نے شہریوں کو ساحل سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ تاہم اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

یہ وہی علاقہ ہے جہاں جولائی میں 8.8 شدت کا بڑا زلزلہ آیا تھا جس کے بعد بحرالکاہل کے کئی حصوں میں سونامی وارننگ جاری کی گئی تھی۔ اسی تناظر میں تازہ زلزلے نے لوگوں کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔

پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر (PTWC) کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں بحرالکاہل کے قریبی حصوں میں سونامی کا خطرہ موجود ہے، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ آیا ہوائی جیسے دور دراز علاقوں پر بھی اس کے اثرات پڑیں گے یا نہیں۔ اگر ایسا ہوا تو وہاں ابتدائی اثرات جمعہ کی رات 10 بج کر 36 منٹ پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کے بعد شہری گھروں سے باہر نکل آئے جبکہ ایمرجنسی اداروں نے سمندر کے کنارے رہنے والوں کو الرٹ کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسیاں مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہر گھنٹے بعد اپ ڈیٹس جاری کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، متاثرین سے ملاقات اور بحالی کی یقین دہانی

کامچٹکا آتش فشانی اور زلزلہ خیز سرگرمیوں کے باعث حساس خطہ مانا جاتا ہے، جہاں چھوٹے بڑے جھٹکے معمول کی بات ہیں، لیکن 7.4 شدت کا زلزلہ انتہائی خطرناک تصور کیا جاتا ہے کیونکہ یہ بڑے پیمانے پر سونامی پیدا کر سکتا ہے۔

Scroll to Top