(کشمیر ڈیجیٹل) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خطے میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قطر کے ساتھ ہر حال میں کھڑے رہیں گے۔
مجلس شوریٰ کونسل کے سالانہ اجلاس سے خطاب میں سعودی ولی عہد نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ فلسطینیوں کی زمین ہے اور کوئی طاقت انہیں ان کے بنیادی حقوق سے محروم نہیں کر سکتی۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان قطر پہنچے جہاں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے ان کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔
قطر کے وزیراعظم نے اسرائیلی حملے کو ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوحہ پر حملے کا جواب دینے کا حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس جارحیت نے یرغمالیوں کی رہائی کی تمام امیدیں ختم کر دی ہیں اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔
اسی دوران مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے بھی قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ کے قریبی ساتھی چارلی کرک فائرنگ سے ہلاک
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس قیادت کو نشانہ بنایا تھا۔ حملے میں حماس رہنما خلیل الحیا کے بیٹے، دفتر کے ڈائریکٹر سمیت 6 افراد شہید ہوئے تاہم حماس کی قیادت محفوظ رہی۔




