کراچی:ملیر و لیاری ندیوں پر قابو پانے کیلئے پاک فوج سے مدد طلب کرلی

(کشمیر ڈیجیٹل) ملیر اور لیاری ندیاں بپھرنے کے بعد میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات گئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہونے پر انہوں نے چیف سیکرٹری کے ذریعے پاک فوج سے مدد طلب کی، جس کے بعد فوجی دستے بھی موقع پر پہنچ گئے۔

میئر کراچی شہباز گوٹھ اور ایم 9 موٹروے کا معائنہ کرنے کے بعد سپر ہائی وے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پانی کا لیول پہلے خطرناک حد تک بڑھ گیا تھا، تاہم مسلسل کوششوں کے باعث اب نمایاں طور پر کمی آچکی ہے۔ ان کے مطابق لیاری ندی کی صورتحال بھی بہتر ہورہی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہری مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ موٹروے کو بند کرنے کا مقصد شہری جانوں کو محفوظ بنانا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند گھنٹوں میں پانی مزید کم ہوجائے گا۔

میئر کراچی کے مطابق اب تک 200 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا جاچکا ہے اور 4 ریلیف سینٹرز قائم کردیئے گئے ہیں جہاں متاثرہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی پانی کی نکاسی کا عمل بھی ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔

جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے ملیر اور لیاری ندیوں کے اطراف کے حالات کو نہایت چیلنجنگ قرار دیا اور کہا کہ دونوں ندیاں اس وقت دریا کی طرح بہہ رہی ہیں، لیاری ندی میں پانی کا بہاؤ زیادہ ہے جبکہ تھڈو ڈیم سے بھی اخراج جاری ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور: فوڈ سیفٹی آفیسر نے ہوٹل انتظامیہ اور دکانداروں کو سخت وارننگ دیدی

سوشل میڈیا پر سعدی ٹاؤن میں پانی داخل ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں پانی موجود نہیں، یہ خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔

Scroll to Top