فوڈ اتھارٹی

مظفرآباد :فوڈ اتھارٹی کاکریک ڈاؤن : عوام کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے بے نقاب

مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل ) فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی آفیسر کالونی جلال آباد، زیرو پوائنٹ پر قائم ہوٹلز اور کریانہ سٹورز کی چیکنگ،صفائی کے ناقص انتظامات پر فوڈ بزنس آپریٹرز کو جرمانے، غیر رجسٹرڈ پاپڑ موقع پر ضبط کرتے ہوئے تلف کر دئیے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمن نے ہمراہ ٹیم فوڈ اتھارٹی جلال آباد آفیسر کالونی اور زیرو پوائنٹ بالمقابل وزیراعظم ہاؤس میں موجود ہوٹلز اور کریانہ سٹورز پر اشیائے خوردونوش سمیت صفائی ستھرائی کے معیار کی جانچ کی ۔

کارروائی کے دوران ہوٹلز کے کچن ایریا میں خوراک ہینڈلنگ کے طریقہ کار، برتنوں کی صفائی ستھرائی اور کھانے میں شامل کیے جانے والے اجزاء کے معیار کی باریک بینی سے چیکنگ کی گئی ۔ کچن ایریا میں گندے برتن اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پائے گئے ۔

کریانہ سٹورز پر سنیکس، پاپڑ، جوسز وغیرہ کی جانچ کے ساتھ لیبلنگ اور ایکسپائری تاریخ بھی چیک کی گئی۔ دوران معائنہ غیر رجسٹرڈ پاپڑ موقع پر ضبط کرتے ہوئے تلف کر دئیے گئے ۔

اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر نے واضح کیا کہ صفائی ستھرائی سمیت معیاری اور صاف ستھری خوراک کی فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد : ایمز ہسپتال میں مریضہ پر نرس کا تشدد ، شہریوں کا سخت ردعمل

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت کے دشمنوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، غیر رجسٹرڈ، ناقص اور مضر صحت خوراک بیچنے والے اپنے انجام کے لیے تیار رہیں ۔

فوڈ اتھارٹی کا مقصد صرف جرمانے نہیں بلکہ عوام کو خالص اور معیاری خوراک دینا ہے، جو بھی رکاوٹ بنے گا اسے قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا ۔

فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 اور پیور فوڈ ریگولیشنز 2019 پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور جو بھی فوڈ بزنس آپریٹرز فوڈ اتھارٹی کی ایس او پیز پر عمل نہیں کرے گا اس کے خلاف فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہری فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کی نشاندہی کر کے فوڈ اتھارٹی کے دئیے گئے نمبر 1280پر اطلاع دیں ۔

Scroll to Top