وزیرتعلیم دیوان چغتائی کا گوجربانڈی کا دورہ ،زلزلہ سے متاثرہ واٹرچینل کا افتتاح

ہٹیاں بالا:وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی کا گوجر بانڈی کا طوفانی دورہ،20 سال بعد زلزلہ سے متاثرہ واٹر چینل کی ازسرنوتعمیر کے بعد شاندار افتتاح، عوام علاقہ کا عوام دوست تاریخی اقدام پر اظہار مسرت ، وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی نے جمعرات کے روز حلقہ انتخاب گوجربانڈی کا دورہ کیا، جہاں عوامِ علاقہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیر حکومت کو ہار پہنائے گئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔وزیر حکومت کے ہمراہ چیئرمین ضلع کونسل طیب منظور کیانی، ڈپٹی کمشنر سید اشفاق گیلانی بھی موجود تھے ۔۔۔واٹر چینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ گوجر بانڈی کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

اس منصوبے کی تکمیل میں متعدد مشکلات کا سامنا رہا، تاہم حکومت کی کوششوں سے یہ پایہ تکمیل تک پہنچا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل آنے والی حکومتوں نے بھی اپنے حصے کا کام کیا، لیکن ہماری حکومت کے دوران عوام نے نمایاں بہتری محسوس کی ہے۔۔۔۔

وزیر حکومت نے اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے ویژن کے مطابق علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کے تسلسل کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوجربانڈی واٹر چینل کی تعمیر میں مقامی لوگوں نے بھرپور تعاون کیا ،

غلام حسن بیگ نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جس پر وہ اور عوام علاقہ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔۔۔۔مزید برآں، انہوں نے اعلان کیا کہ پاہل اور چکہامہ واٹر چینل پر بھی جلد کام شروع کیا جائے گا اور اس کے لیے حکومت اپنی بساط کے مطابق فنڈز فراہم کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ گوجر بانڈی کے لیے فلٹریشن پلانٹ بھی نصب کیا جائے گا تاکہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔۔۔

وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی نے زرعی ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر فرد کو اپنی زمین پر فصلیں، پھل اور سبزیاں اگانے کے اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ مہنگائی کے اس دور میں خودکفالت حاصل کی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گریٹر واٹر سپلائی سکیم کے حوالے سے بھی اقدامات جاری ہیں اور تمام سرکاری اداروں میں عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔۔۔۔چیئرمین ضلع کونسل جہلم ویلی طیب منظور کیانی نے کہا کہ ہم وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے واٹر چینل کی تعمیر میں بھرپور کردار ادا کیا۔

ان کی قیادت اور خصوصی توجہ کی بدولت یہ اہم منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا، جس سے عوام کو پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی عوامی فلاح و بہبود کے ایسے منصوبوں میں اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔۔۔۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ضلع جہلم ویلی سید اشفاق گیلانی ، ممتاز عالم دین علامہ سید محمد اسحاق نقوی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایریگیشن طارق عبداللہ ، مرزا نعیم یونس مغل ، کونسلر حماد کاظمی نے بھی خطاب کیا ۔بعد ازاں، وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی نے عوام کے مسائل سنے اور موقع پر ان کے حل کے احکامات جاری کیے۔۔۔۔
وادی لیپا کی وہ منفرد جگہ جہاں 6 بے مثال تاریخی نشانات محفوظ ہیں

Scroll to Top