ایشیا کپ سے قبل پاک بھارت کرکٹرز میں تناؤ نمایاں

شارجہ:(کشمیر ڈیجیٹل)ایشیا کپ کے آغاز سے قبل پاک بھارت کرکٹرز کے درمیان تناؤ کھل کر سامنے آگیا ہے۔ شارجہ میں ہونے والی پریکٹس کے دوران دونوں ٹیمیں ایک ہی گراؤنڈ میں موجود رہیں مگر کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے ملاقات یا مصافحہ سے گریز کیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق وہ ایشیا کپ میں شریک ہوں گے، تاہم حکومتی پالیسی کے باعث پاکستان کے ساتھ دوطرفہ سیریز میں حصہ لینا ممکن نہیں۔ ماضی میں گراؤنڈ میں سخت مقابلے کے باوجود دونوں ممالک کے کھلاڑی ذاتی تعلقات میں خوشگوار رویہ رکھتے تھے، لیکن مئی میں پاک بھارت جنگ کے بعد صورتحال بالکل بدلتی دکھائی دے رہی ہے۔

دبئی اتوار، 14 ستمبر کو پاک بھارت میچ کی میزبانی کرے گا۔ اس سے قبل ہفتہ کی شام آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں تین گھنٹے تک دونوں ٹیموں نے ایک ہی گراؤنڈ میں الگ الگ سمتوں میں نیٹ پریکٹس کی۔ میڈیا کو امید تھی کہ کھلاڑی ایک دوسرے سے رسمی ملاقات کریں گے، لیکن اس دوران کسی کھلاڑی نے مخالف ٹیم کی جانب نظر تک نہ ڈالی۔

یہ بھی پڑھیں: پرنس ہیری کی برطانیہ واپسی، والد سے ملاقات سوالیہ نشان

Scroll to Top