لاہور(کشمیر ڈیجیٹل)سیلاب اور متوقع بارشوں کے پیش نظرمحکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے اپنے تمام افسران واہلکاروں کی چھٹیاں فوری طور پرمنسوخ کردی ہیں تاکہ ریلیف کے کاموں میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی ہدایت پرنوٹیفکیشن جاری کردیا جس میں متعلقہ اضلاع کے ریلیف کیمپس میں 24 گھنٹے افسران کی موجودگی کو یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ نے فلڈ ریلیف کیمپس میں بلاتعطل پینے کے پانی کی فراہمی کوسب سے اہم ترجیح قراردیا ہے اوراس حوالے سے متعلقہ حکام کو سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ پانی کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ سیلاب سے متاثرہ افراد کوسہولت فراہم کی جا سکے۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کا کہنا ہے کہ اس مشکل وقت میں ہر افسرواہلکاراپنی ذمہ داری پوری ایمانداری سے نبھائے گا اورمتاثرین کی مدد کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔
علاوہ ازیں سیکرٹری ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ محکمہ ہاؤسنگ پنجاب متاثرہ عوام کی خدمت میں اپنی تمام توانائیاں صرف کرے گا اورہرممکن مدد فراہم کرے گا۔
محکمہ ہاؤسنگ کی یہ حکمت عملی اس بات کی عکاسی ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہے اورعوام کوریلیف فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔
مزید برآں محکمہ نے متوقع بارشوں کو بھی مدنظررکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل متحرک کردیئے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:موسلادھاربارشیں،آزادکشمیر ،مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ،سیاحوں کو انتباہ جاری