دبئی (کشمیر ڈیجیٹل)متحدہ عرب امارات نے ماحولیات کے تحفظ اور پائیداری کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کیلئے 10 سالہ ’بلو ریزیڈنسی ویزا‘ کا اعلان کر دیا ۔
اس اقدام کا مقصد ماہرین کو یو اے ای کی ماحولیاتی، سماجی اور اقتصادی ترقی کے عمل میں شریک کرنا ہے۔یہ ویزا خصوصی طور پر ان سائنسدانوں، محققین، سرمایہ کاروں، توانائی کے ماہرین، موسمیاتی تبدیلی اور پائیداری کے شعبے سے وابستہ افراد کیلئے ہے جنہوں نے عالمی یا ملکی سطح پر اہم کردار ادا کیا ہو۔
مزید برآں، بین الاقوامی اداروں کے ممبران، غیر سرکاری تنظیموں کے نمایاں عہدیداران، ماحولیاتی ایوارڈ یافتگان اور مالی معاونین بھی اس ویزے کے اہل ہوں گے۔
درخواست دہندگان کو اپنی ماحولیاتی خدمات اور کامیابیوں کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا، ساتھ ہی کم از کم چھ ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ اور تازہ ترین پاسپورٹ سائز تصویر بھی جمع کروانی ہوگی۔
درخواستیں فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی (ICP) کے آن لائن پلیٹ فارم smartservices.icp.gov.ae یا کسٹمر ہیپی نیس سینٹرز کے ذریعے دی جا سکتی ہیں۔
ویزے کیلئے نامزدگی (Nomination) ضروری ہے جس کی فیس 350 درہم مقرر کی گئی ہے۔ نامزدگی کی منظوری کے بعد درخواست دہندہ اپنی ذاتی تفصیلات اور دستاویزات جمع کروا کر ویزے کی درخواست دے سکتا ہے۔
اگر درخواست دہندہ یو اے ای سے باہر ہے تو اسے چھ ماہ کی مدت کیلئے ملٹی پل انٹری ویزا کے لیے درخواست دینی ہوگی، جس کی فیس 1,250 درہم ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ ویزا یو اے ای کے وژن کے مطابق ہے جس کا مقصد ملک کو عالمی ماحولیاتی ماہرین اور پائیدار ترقی کے علمبرداروں کا مرکز بنانا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:تاریخ کی مہنگی ترین گاڑی رجسٹر،94 لاکھ 41 ہزار فیس ادا