حویلی (کشمیر ڈیجیٹل)حویلی کہوٹہ میں جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلہ میں ریلی کا انعقاد
حویلی کہوٹہ میں جشن عید میلادالنبی ﷺ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں ایک شاندار ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر، دیگر انتظامی افسران، سماجی شخصیات کے علاوہ طلبہ و طالبات اور اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔
ریلی کا آغاز تلاوت کلامِ پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں سبز جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر محبتِ رسول ﷺ کے نعرے درج تھے۔ فضا درود و سلام اور نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی۔ طلبہ اور اساتذہ نے جلوس میں خصوصی جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی اور اپنے نعروں کے ذریعے حضور ﷺ سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر اور انتظامی شخصیات نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ آج کے دن ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنی زندگیوں کو تعلیماتِ محمدی ﷺ کے مطابق ڈھالیں اور معاشرے میں بھائی چارہ، محبت اور برداشت کو فروغ دیں۔
ریلی کے دوران امن و امان کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ سیکیورٹی اداروں نے ریلی کے روٹس پر نگرانی کی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا۔
آخر میں شرکاء نے ملک و ملت کی سلامتی اور اتحادِ امت کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
یہ ریلی نہ صرف میلادالنبی ﷺ کی خوشی کا اظہار تھی بلکہ اس بات کا عملی ثبوت بھی کہ حویلی کہوٹہ کے عوام حضور اکرم ﷺ سے گہری عقیدت اور محبت رکھتے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گندم کی قیمت 3ہزار روپے فی من مقرر،نوٹیفکیشن جاری




