راہول گاندھی

بی جے پی بہار میں کتنے لاکھ جعلی ووٹ شامل کرے گی؟راہول گاندھی کے سنسنی خیز انکشافات

پٹنہ: کانگریس کے رہنما اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے الزام عائد کیا ہے کہ بہار میں انتخابی فہرستوں سے 65 لاکھ ووٹروں کے نام حذف کیے جانے سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے منصوبے بے نقاب ہوگئے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار ان ناموں کی جگہ جعلی ووٹر شامل کرکے انتخابی نتائج کو اپنے حق میں موڑنے کی تیاری کر رہی ہے ۔

راہول گاندھی نے بہار میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے اس سے قبل مہاراشٹر میں بھی تقریباً ایک کروڑ نئے ووٹروں کو شامل کرکے انتخابی عمل میں دھاندلی کی اور اپنی جیت یقینی بنائی ۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اسی طرز پر اب بہار میں پہلے اصلی ووٹروں کے نام ہٹائے جا رہے ہیں اور بعد میں جعلی ووٹروں کو فہرست میں شامل کیا جائے گا ۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ووٹر لسٹوں سے صرف دلت، پسماندہ طبقوں، غریبوں اور اقلیتوں کے نام ہٹائے گئے ہیں، جبکہ امیر طبقے کے نام برقرار رکھے گئے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نریندرمودی کیسے دھاندلی کرکے وزیراعظم بنے؟راہول گاندھی ثبوت سامنے لے آئے

راہول گاندھی کے مطابق ووٹ کا حق آئین کی طرف سے دیا گیا بنیادی حق ہے، اور بی جے پی اس حق کو چھین کر دراصل آئین پر حملہ کر رہی ہے ۔

کانگریس کے رہنما نے کہا کہ ووٹ کے حق کی چھینائی محض ابتدا ہے، اس کے بعد عوام کو راشن کارڈ، زمین اور دیگر بنیادی سہولتوں سے بھی محروم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرناٹک کے مہادیو پورہ انتخابی حلقے میں بی جے پی نے ایک لاکھ جعلی ووٹر شامل کرکے بنگلور سنٹرل سیٹ پر جیت حاصل کی، جو ان کے مطابق انتخابی چوری کی واضح مثال ہے ۔

Scroll to Top