ملزمان گرفتار

مظفرآباد : گھر میں قتل کو حادثہ بنانے کی سازش ناکام ، ملزمان گرفتار

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) پولیس نے گھر میں ہونے والے قتل کو حادثہ ظاہر کرنے کی سازش ناکام بناتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل غیرت کے نام پر کیا گیا اور جائے وقوعہ سے شہادتیں ضائع کرنے کی کوشش کی گئی تھی ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز 30 اگست 2025 کی رات کو تھانہ پولیس سول سیکرٹریٹ کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایک شخص روڈ ایکسیڈنٹ میں جاں بحق ہو گیا ہے اور نعش ورثاء کے ہمراہ ایمز امپور لے آئے ہیں ۔

اطلاع پر ایس ایچ او جاوید احمد گوہر اور سب انسپکٹر چوہدری اورنگزیب معہ ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچے ۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران واقعہ مشکوک پایا گیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد ،یوم آزادی پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے پولیس کا کریک ڈائون

مزید چھان بین کے بعد معلوم ہوا کہ مسمیان محمد منیر پسران نورناعین اور بیوہ نورناعین، ساکن پالس کوہستان حال سند گلی، مظفرآباد نے اپنے حقیقی بھائی/بیٹے محمد نصیر کو غیرت کے نام پر قتل کیا اور رات کے وقت اسے روڈ ایکسیڈنٹ کا رنگ دینے کی کوشش کی ۔

ساتھ ہی انہوں نے جائے وقوعہ سے شہادتیں ضائع کرنے کی کوشش بھی کی ۔ پولیس نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا ، آلہ قتل برآمد کیا اور جائے وقوعہ سے چھپائی گئی دیگر شہادتیں بھی جمع کر کے مقدمہ درج کر لیا ۔

Scroll to Top