سیلاب اورموسم کی خرابی کے باعث 23 پروازیں منسوخ، درجنوں تاخیر کا شکار

(کشمیر ڈیجیٹل) پنجاب میں شدید سیلابی صورتحال اور ملک بھر میں موسمی خرابی کے باعث ہوائی سفر کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ مختلف شہروں سے آنے اور جانے والی مجموعی طور پر 23 پروازیں منسوخ جبکہ درجنوں میں گھنٹوں کی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق 48 ملکی اور غیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ سیالکوٹ ایئرپورٹ کی 14 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ باقی تمام پروازیں آج لاہور سے آپریٹ کی گئیں۔ دبئی سے سیالکوٹ آنے والی ایک پرواز کو بھی لاہور اتارا گیا۔

ابوظبی سے پشاور آنے والی پرواز پی کے 218 کو موسم کی خرابی کے سبب ملتان اتارنا پڑا۔ اسی طرح اسلام آباد سے کراچی جانے والی پرواز پی اے 201 بھی منسوخ کر دی گئی۔

اسلام آباد سے گلگت کی چار پروازیں (601، 602، 603، 604) آپریٹ نہ ہو سکیں جبکہ کراچی سے اسکردو جانے والی دو پروازیں (پی اے 704 اور 705) بھی منسوخ کر دی گئیں۔ اسی طرح لاہور سے اسکردو کی پروازیں پی اے 480 اور 481 بھی روانہ نہ ہو سکیں۔

پروازوں کی تاخیر کا سب سے زیادہ اثر اسلام آباد ایئرپورٹ پر دیکھا گیا جہاں 18 پروازوں میں ایک سے چھ گھنٹے کی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔ لاہور ایئرپورٹ کی 15 پروازیں بھی ایک سے سات گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہیں۔ کراچی ایئرپورٹ کی 10 پروازوں میں ڈیڑھ سے ساڑھے پانچ گھنٹے تک تاخیر سامنے آئی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے دریاؤں میں غیر معمولی سیلاب، قصور میں تاریخ کا سب سے بڑا ریلا

علاوہ ازیں، کراچی اور اسلام آباد کے درمیان چھ پروازوں میں ایک سے چھ گھنٹے تک تاخیر ہوئی، جبکہ کراچی اور لاہور کے درمیان پانچ پروازوں کی روانگی میں ایک سے ڈھائی گھنٹے کی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔

Scroll to Top