اترپردیش میں گوگل میپس ٹیم پر مقامی لوگوں کا حملہ! پولیس نے معاملہ سلجھا دیا

(کشمیر ڈیجیٹل)بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع کانپور میں گوگل میپس کے لیے نقشہ سازی کرنے والی ٹیم کو مقامی دیہاتیوں نے غلط فہمی کے باعث تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

اطلاعات کے مطابق گاؤں بیرہر میں گوگل میپس کے منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم، جو ٹیک مہندرا کے ذریعے آؤٹ سورس کی گئی تھی، کیمروں سے لیس گاڑی پر علاقے کی گلیوں اور سڑکوں کی تصویریں لے رہی تھی تاکہ انہیں گوگل میپس پر اپلوڈ کیا جا سکے۔ تاہم مقامی افراد نے کیمرہ فٹ گاڑی دیکھ کر شبہ کیا کہ یہ لوگ چوری کی غرض سے معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔ شک و شبہ کے بعد دیہاتیوں نے ٹیم کو گھیر لیا اور بات چیت کے دوران صورتحال کشیدہ ہو کر ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔

پولیس کے پہنچنے پر حالات قابو میں آئے اور دونوں فریقین کو تھانے منتقل کیا گیا، جہاں گوگل میپس کی ٹیم نے وضاحت کی کہ وہ نقشہ سازی کے لیے سروے کر رہے تھے اور اس مقصد کے لیے ڈی جی پی سے باضابطہ اجازت بھی لی گئی تھی۔ مقامی افراد کے مطابق علاقے میں حالیہ دنوں میں چوری کی وارداتوں میں اضافے کے باعث وہ چوکس تھے جس کے نتیجے میں یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے دریاؤں میں غیر معمولی سیلاب، قصور میں تاریخ کا سب سے بڑا ریلا

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد امن و امان کی صورتحال معمول پر ہے، فورس تعینات ہے جبکہ گوگل میپس ٹیم نے دیہاتیوں کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا۔

Scroll to Top