تین ملکی سیریز، پاکستان اور یواے ای کی ٹیمیں 9سال بعد آج مدمقابل ہونگی

شارجہ: پاکستان اور یو اے ای کی ٹیمیں 9 سال بعد ہفتے کو ٹی20 میچ میں مدمقابل ہوں گی، ٹرائنگولر سیریز کا میچ شارجہ میں کھیلا جائے گا، گرین شرٹس عمدہ کارکردگی کیلئے بے چینہے، میزبان کپتان نے بھی بلند عزائم ظاہر کر دئیے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور یو اے ای کا واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 2016 کے ورلڈکپ میں میرپور بنگلہ دیش میں کھیلا گیا تھا۔

شاہد آفریدی کی زیرقیادت گرین شرٹس نے 7 وکٹ سے فتح حاصل کر لی تھی،17 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد عمر اکمل اور شعیب ملک نے ناقابل شکست 114 رنز کی شراکت بنائی۔

اب دونوں ٹیموں کا ٹرائنگولر سیریز میں ہفتے کو شارجہ میں سامنا ہوگا، پاکستانی ٹیم فتح کیلئے پُرعزم ہے، دوسری جانب میزبان ٹیم نے بھی بہتر کارکردگی پیش کرنے کا عزم کر لیا۔

کپتان محمد وسیم نے کہا کہ ایشیا کی 2 بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع ہماری ترقی کے سفر میں ایک اور سنگِ میل اور قابل فخر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تین ملکی سیریز،افغان شائقین نے بغیرٹکٹ شارجہ اسٹیڈیم میں داخل ، دروازہ توڑ دیا

انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کو ہرا چکے ہیں، بطور ایسوسی ایٹ ٹیم بہترین ٹیموں کے خلاف کھیلنا ہمارے لیے اہم بات ہے،اپنی تیاریوں کو دیکھتے ہوئے مجھے لگتا ہے کہ اس سیریز میں بھی ہمارا کھیل بہتر رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اماراتی اسکواڈ تجربے اور نوجوان پلیئرز کا بہترین امتزاج ہے، بعض ینگسٹرز بہت اچھا کھیل پیش کررہے ہیں، میں ان کی کارکردگی اور تیاری سے بہت خوش ہوں، مجھے پورا اعتماد ہے کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلیں گے اور ڈٹ کر حریفوں سے مقابلہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ون ڈے پلیئرز کی رینکنگ جاری، ٹاپ ٹین میں صرف ایک پاکستانی شامل

محمد وسیم نے کہا کہ شارجہ ایک طرح سے تینوں ہی ٹیموں کا ہوم گراؤنڈ ہے، البتہ جس طرح ہم ڈیڑھ مہینے سے تیاریاں کر رہے ہیں اور گزشتہ چند برسوں میں کارکردگی دکھائی اس کے مدنظر مجھے لگتا ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں گے ۔

Scroll to Top