(کشمیر ڈیجیٹل ) پشاور زلمی اور خیبر پختونخوا حکومت کے اشتراک سے 30 اگست کو عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پشاور میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے نمائشی کرکٹ میچ کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کے بڑے اسٹار کرکٹرز ایکشن میں دکھائی دیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق فلڈ ریلیف نمائشی میچ میں پاکستان کرکٹ کے لیجنڈز اور موجودہ اسٹارز حصہ لیں گے۔ اعلان کے مطابق شاہد خان آفریدی، یونس خان، انضمام الحق، راشد لطیف، وقار یونس، اظہر محمود، سعید اجمل، شعیب اختر اور بابر اعظم سمیت بڑے نام گراؤنڈ کی زینت بنیں گے ۔
یہ بھی پڑھیں:سہ فریقی سیریز ، افتتاحی میچ میں آج پاکستان اور افغانستان مد مقابل ہوں گے
دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ ، اظہر علی، صہیب مقصود ، یاسر شاہ، عمران فرحت ، ہمایوں فرحت، یاسر حمید ، عمید آصف، احسان اللہ ، کامران غلام ، عبد الرحمان ، محمد عرفان ، معاذ صداقت، ذوالفقار بابر اور محمد سلمان بھی شامل ہیں ۔
یہ نمائشی میچ پشاور زلمی اور لیجنڈز الیون کے درمیان کھیلا جائے گا ، جس سے حاصل ہونے والی آمدنی خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کو دی جائے گی ۔ چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں زلمی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی ۔




