سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے: سردار میر

(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کی صدارت میئر کارپوریشن سردار عبدالقیم بیگ نے کی۔ اجلاس میں کمشنر پونچھ مسعودالرحمٰن، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سردار ظہیر، ڈپٹی کمشنر راجہ صداقت، ایس پی چوہدری امین سمیت ضلعی افسران اور مقامی حکومت کے نمائندگان شریک ہوئے۔

اجلاس میں شرکا نے سیلابی صورتحال کے تناظر میں دریاؤں اور نہروں کے کٹاؤ، متاثرہ افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی، قبضہ مافیا کے خاتمے اور ٹریفک پلاننگ جیسے مسائل پر غور کیا۔

وزیر سمیت دیگر مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مشکل حالات سے نمٹنے کے لیے اتحاد اور تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں امن و استحکام کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے اور افراتفری پھیلانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سیلابی صورتحال، ہیڈقادر آباد کے قریب شگاف ڈالنے کیلئے چھوٹا دھماکہ کیا گیا

حکومتی نمائندوں نے اجلاس کو یقین دلایا کہ متاثرین کی بحالی اور ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور دستیاب وسائل ان پر صرف کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top