چین میں انٹرنیشنل باکسنگ گالا،پاکستان کی3خواتین سمیت4باکسرزنے میڈلز جیت لئے

چین میں جاری انٹرنیشنل باکسنگ گالا میں تین خواتین سمیت چار قومی باکسرز نے پاکستان کے لئے میڈلز جیت لئے ہیں۔

چینی باکسنگ فیڈریشن کے تحت جاری انوی ٹیشن باکسنگ گالا میں 26 ممالک کے 500 سے زائد باکسرز شریک ہیں۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے تحت مقابلوں میں شریک قدرت اللہ نے 57 کلوگرام کے درجہ میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر کے پاکستان کے لیے میڈل کو یقینی بنالیا۔

پاکستان کی تین خواتین باکسرز عائشہ ممتاز 48 کلوگرام، ماریہ 50 کلوگرام اور ملائکہ 54 کلوگرام کی کیٹیگری کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں اوربرانز میڈلز کا حصول یقینی بنالیا۔

یہ بھی پڑھیں: تاشقند انٹرنیشنل کک باکسنگ چیمپئن شپ ، باغ کے3کھلاڑیوں نے میڈلز جیت لئے

اگلے مرحلہ میں کامیابی کی صورت میں پاکستان سلور اور فائنل میں فتح سمیٹ کر گولڈ میڈل حاصل کر سکتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان حزیفہ راحیل اور ضمیر علی بھی اپنا سفر جاری رکھتے ہوئے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔

پاکستان کی تین خواتین افرا خرم، فاطمہ زہرہ، سحر عاطف اور دو مرد باکسرز محمد فہیم اورمظہرغفور کو ابتدائی مقابلوں میں ناکامی اٹھانی پڑی۔

Scroll to Top