راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل) ماہِ ربیع الاوّل کا چاند نظر آنے کے ساتھ ہی راولاکوٹ شہر اور گرد و نواح میں جشنِ میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ شہر کی مرکزی مساجد کو چراغاں کر کے خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، اور درود و سلام کے ساتھ نعتیہ کلام کی صدائیں فضا کو روحانی خوشبو سے معطر کر رہی ہیں۔
مختلف دینی، سماجی اور فلاحی تنظیمیں میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں خصوصی پروگرامات ترتیب دے رہی ہیں، جن میں معروف علمائے کرام سیرت النبی ﷺ اور ولادتِ باسعادت پر روشنی ڈالیں گے۔ تقریبات میں مرد و خواتین، بچے، بزرگ اور نوجوان بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔
ادھر شہر کے مختلف بازار، گلیاں اور چوراہے رنگ برنگی جھنڈیوں، برقی قمقموں اور بینرز سے سجانے کے لیے تیار کیے جا رہے ہیں۔ میلاد کمیٹیوں اور مقامی افراد کی جانب سے جلوسوں کی تیاریاں بھی زور و شور سے جاری ہیں، جبکہ سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وادی لیپہ میں جنگلی جانوروں کا بڑھتا خطرہ، عوام مشکلات کا شکار
جوں جوں 12 ربیع الاوّل کی تاریخ قریب آ رہی ہے، شہر میں خوشیوں کا رنگ اور روحانی فضا مزید گہری ہوتی جائے گی، اور جشنِ میلاد النبی ﷺ کا جوش ہر طرف نظر آئے گا۔