(کشمیر ڈیجیٹل)یو کے اسلامک مشن آلم راک برمنگھم نے ماہِ ربیع الاول کی بابرکت آمد کے موقع پر صفائی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کا مقصد نہ صرف مساجد بلکہ گھروں، گلی محلوں اور عوامی مقامات کو صاف ستھرا رکھنا ہے تاکہ اسلامی تعلیمات کے مطابق صفائی پسندی کو عملی طور پر اپنایا جا سکے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آلم راک اسلامک سنٹر کے چیئرمین قمر عباس نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ نبی اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت کا مہینہ ہے اور اس موقع پر ہمیں اپنی مساجد سمیت رہائشی علاقوں کو بھی خوشبودار اور پاکیزہ بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور اسلام نے اس پر خصوصی زور دیا ہے۔
قمر عباس نے بتایا کہ اس مہم میں مساجد کے اندرونی و بیرونی حصوں، وضو خانوں اور اردگرد کے عوامی مقامات کو صاف کرنے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کے نوجوانوں اور بزرگوں کو بھی شریک کیا جائے گا تاکہ معاشرتی ذمہ داری اور خدمتِ خلق کا جذبہ فروغ پائے۔
یہ بھی پڑھیں: روم میں پاکستانی سفارتخانے کا ’چونسہ جیلاٹو‘ متعارف
منتظمین کے مطابق یہ مہم وقتی سرگرمی نہیں بلکہ ایک مسلسل شعور ہے جسے کمیونٹی میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔ مقامی شہریوں نے بھی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے عملی اقدامات سے اسلام کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا اور نئی نسل میں صفائی پسندی کے رجحانات کو بڑھاوا ملے گا۔