2025 کے لیے دنیا کے 10 بہترین شہروں کی فہرست جاری

(کشمیر ڈیجیٹل) معروف میگزین ٹائم آؤٹ نے اپنے سالانہ عالمی سروے میں سال 2025 کے لیے دنیا کے 50 بہترین شہروں کی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں معیارِ زندگی، مقامی ثقافت، شہری سہولیات، خوراک اور سماجی ہم آہنگی جیسے پہلوؤں کو بنیاد بنایا گیا۔

اس سروے میں 18 ہزار سے زائد افراد کی آراء شامل کی گئیں، جن میں ماہرین کے ساتھ ساتھ مختلف شہروں کے مقامی رہائشی بھی شامل تھے۔ فہرست میں شامل دس نمایاں ترین شہروں کو دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے پرکشش اور بہترین قرار دیا گیا۔

ٹاپ 10 بہترین شہر (2025)

10- کوپن ہیگن، ڈنمارک:

اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے مطابق رہائش کے لیے بہترین شہر، مگر ٹائم آؤٹ کی فہرست میں دسویں نمبر پر۔ یہاں اچھی غذا، دوستانہ ماحول اور ثقافت کو خاص اہمیت حاصل ہے۔

09- شنگھائی، چین:

چین کا صنعتی ہب ہونے کے ساتھ ساتھ یہ شہر صفائی، جدید سہولیات اور شہریوں کے باہمی احترام کی وجہ سے نمایاں ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال نے آلودگی کو نمایاں حد تک کم کیا ہے۔

08- پورٹو، پرتگال:

یورپ کا خوبصورت ساحلی شہر، جسے بہترین پکوانوں، ہوٹلوں اور قدرتی مناظر نے آٹھویں مقام دلایا۔

07- میکسیکو سٹی، میکسیکو:

ثقافتی مرکز کہلانے والا یہ شہر موسم، خوراک اور نسبتاً سستے طرزِ زندگی کی وجہ سے ساتویں نمبر پر رہا۔

06- نیو اورلینز، امریکا:

تاریخ، منفرد طرزِ تعمیر اور لائیو موسیقی کے باعث یہ امریکی شہر چھٹے نمبر پر آیا۔

05- لندن، برطانیہ:

دنیا کے بڑے معاشی و ثقافتی مراکز میں سے ایک، جو ہر سال سب سے زیادہ سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔

04- میلبرن، آسٹریلیا:

آسٹریلیا کا ثقافتی دارالحکومت کہلانے والا میلبرن اپنے کھانوں اور جدید طرزِ زندگی کی وجہ سے چوتھے نمبر پر رہا۔

03- نیویارک، امریکا:

’دی سٹی دیٹ نیور سلیپس‘ کے نام سے مشہور یہ شہر دنیا کے ہر حصے سے آنے والے لوگوں کا مسکن ہے، جس نے اسے تیسرے مقام پر پہنچایا۔

02- بینکاک، تھائی لینڈ:

مسکراہٹوں کی سرزمین کہلانے والا یہ شہر ایشیا کا بہترین اور دنیا کا دوسرا بہترین شہر قرار پایا۔ یہاں کے باغات، پکوان اور دوستانہ ماحول سب کو متاثر کرتے ہیں۔

01- کیپ ٹاؤن، جنوبی افریقہ:

سال 2025 کا دنیا کا بہترین شہر قرار دیا گیا۔ پہاڑوں، ساحلی مناظر اور متنوع ثقافت نے اسے عالمی درجہ بندی میں سب سے آگے رکھا۔

Scroll to Top