مظفرآباد: پنجکوٹ میں قاتلانہ حملہ، نوجوان شدید زخمی

(کشمیر ڈیجیٹل)تھانہ پنجگراں کی حدود میں علاقے پنجکوٹ میں گزشتہ شب قاتلانہ حملے کی ایک سنگین واردات پیش آئی، جس میں ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق، ساجد شبیر ولد محمد شبیر ساکن لڑی پنجکوٹ اپنے گھر واپس جا رہا تھا کہ اچانک چند نقاب پوش افراد نے اُس پر تیز دھار چھریوں سے حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے اُس کے گلے اور جسم کے مختلف حصوں پر وار کیے، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگیا۔ شور شرابہ سن کر اہلِ علاقہ موقع پر پہنچے تو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

زخمی کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اُس نے اپنے بیان میں بتایا کہ حملہ آوروں میں دو افراد شاہد ولد لال دین اور کامران بشیر ولد محمد بشیر (دونوں ساکن لڑی پنجکوٹ) شامل تھے، جبکہ باقی افراد نے چہرے پر ماسک پہن رکھے تھے جن کی شناخت نہیں ہو سکی۔

ذرائع کے مطابق، اسی گروہ کی جانب سے ماضی میں بھی ساجد شبیر پر حملہ کیا گیا تھا، تاہم اُس وقت صلح صفائی کے نام پر معاملہ دبا دیا گیا۔ اس بار بھی مقامی پولیس اہلکاروں پر ملزمان سے ملی بھگت اور میڈیکل رپورٹ میں ردوبدل کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ماہ ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

اہلِ علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔

 

Scroll to Top