(کشمیر ڈیجیٹل) دنیا کی مضبوط ترین کرنسیاں ان کی امریکی ڈالر کے مقابلے میں شرحِ تبادلہ کی بنیاد پر ترتیب دی جاتی ہیں، اور اس وقت دنیا کی ٹاپ 10 کرنسیوں کی فہرست میں کویت کا دینار سب سے آگے ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک کویتی دینار 3.27 امریکی ڈالر خریدنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ اس کے برعکس ایک امریکی ڈالر صرف 0.30 کویتی دینار میں بدلا جا سکتا ہے۔ کویت مشرق وسطیٰ کا ایک چھوٹا مگر امیر ملک ہے جو عراق اور سعودی عرب کی سرحدوں کے درمیان واقع ہے۔
بحرینی دینار دنیا کی دوسری مضبوط ترین کرنسی قرار دی گئی ہے۔ ایک بحرینی دینار 2.66 امریکی ڈالر کے برابر ہے، جبکہ ایک امریکی ڈالر 0.37 بحرینی دینار میں بدلا جا سکتا ہے۔ بحرین مشرق وسطیٰ کا ایک جزیرہ نما ملک ہے جو 33 جزیروں پر مشتمل ہے اور خلیج عرب میں واقع ہے۔
تیسری مضبوط ترین کرنسی عمانی ریال ہے، جسے سلطنت عمان میں استعمال کیا جاتا ہے۔ عمان خلیج عرب اور بحیرہ عرب کے سنگم پر واقع ہے اور اس کی سرحدیں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور یمن سے ملتی ہیں۔
چوتھے نمبر پر اردنی دینار ہے۔ اردن مشرق وسطیٰ کا ایک خشکی سے گھرا ملک ہے جس کی سرحدیں فلسطین، سعودی عرب، عراق اور شام سے ملتی ہیں۔
پانچویں نمبر پر برطانوی پاؤنڈ اسٹرلنگ ہے جس کی شرحِ تبادلہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں 1.33 ہے۔ اس کے بعد جبرالٹر پاؤنڈ چھٹے نمبر پر موجود ہے، جس کی قدر برطانوی پاؤنڈ کے برابر ہے۔
ساتویں مضبوط کرنسی سوئس فرانک ہے جس کی ڈالر کے مقابلے میں موجودہ قدر 1.24 ہے۔ سوئٹزرلینڈ کا یہ یورپی ملک فرانس، جرمنی، اٹلی اور آسٹریا کی سرحدوں کے ساتھ واقع ہے۔
آٹھویں نمبر پر کیمین آئی لینڈز ڈالر ہے جو بحیرہ کیریبین میں واقع کیمین جزائر کی کرنسی ہے۔ اس کے بعد یورو نویں نمبر پر موجود ہے، جسے یورپی یونین نے یکم جنوری 1999 کو متعارف کرایا تھا۔ اس وقت یورو 1.16 امریکی ڈالر کے برابر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا نے درخواستوں کا اسٹیٹس آن لائن معلوم کرنے کی سہولت متعارف کرادی
امریکی ڈالر دنیا کی دسویں سب سے مضبوط کرنسی ہے اور بین الاقوامی تجارت میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی کرنسی بھی ہے۔