باغ (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) آزاد حکومت کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سردار ضیاء القمر نے کہا ہے کہ حکومت مشکل وقت میں عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی، انسانی جانیں بچانے کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے ۔ وہ حالیہ تباہ کن بارشوں کے بعد ضلعی انتظامیہ سے نقصانات کی رپورٹ و جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔
وزیر حکومت نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے لیے جدید آلات کا فوری انتظام کیا جائے تاکہ انسانی زندگیوں کو محفوظ بنانے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان پانچ ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں ، لہٰذا آئندہ مون سون کے باقی دو اسپیل کے لیے حکمت عملی طے کرنا ناگزیر ہے ۔
سردار ضیاء القمر نے کہا کہ حالیہ بارشوں میں محکمہ برقیات اور محکمہ شاہرات کے سٹاف نے بہترین کارکردگی دکھائی، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا جس کی بدولت باغ میں کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا ۔
یہ بھی پڑھیں:انٹری پوائنٹس پر چیکنگ کا عمل مزید تیز کیا جائےگا، سردار ضیاء القمر
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ جات کو دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے ہر وقت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا چاہیے ۔ انہوں نے بلدیاتی نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ آرڈینیشن کمیٹیوں کے ذریعے عوام کو ممکنہ سیلابی صورت حال سے آگاہ کریں اور لوگوں کو ندی نالوں کے قریب جانے سے روکنے کے لیے شعور اجاگر کریں ۔
سردار ضیاء القمر نے اعلان کیا کہ جلد کھلی کچہری لگا کر عوامی مسائل براہِ راست سنے جائیں گے تاکہ مشکلات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راجہ صداقت اور ضلعی افسران نے وزیر حکومت کو حالیہ بارشوں کے نقصانات پر تفصیلی بریفنگ دی ۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تمام سب ڈویژنز میں آفات سماوی کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں ، جہاں بھی نقصان ہوا ہے وہاں رپورٹ درج کی جا رہی ہے تاکہ معاوضہ جات کیلئے حتمی لسٹیں تیار کی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (DDMA) کو رپورٹ ارسال کی جا رہی ہے ۔