گلگت بلتستان اسمبلی میں کشمیریوں سے یکجہتی کی قرارداد منظور

گلگت بلتستان اسمبلی میں کشمیری عوام سے یکجہتی پر متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

سپیکر نذیر ایڈووکیٹ کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر قانو ن غلام محمد نےقرارداد پیش کی ۔ممبران اسمبلی نے قرارداد پر بحث کرتے ہوئے 27 اکتوبر 1947 کو بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضے کو تاریخ کا سیاہ باب قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں:یوم یکجہتی کشمیر ،مقبوضہ وادی کی سڑکوں پر پاکستان سے اظہار تشکر کے پوسٹر آویزاں

قرارداد میں کہا گیا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی کو دبانے کے لئے ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے  لیکن کشمیری عوام نے کبھی بھی بھارتی تسلط کو قبول نہیں کیا۔

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ ایوان نے مزید مطالبہ کیا کہ حکومتِ پاکستان کشمیر کی آزادی تک کشمیری حریت پسندوں کو ہر محاذ پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد فراہم کرتی رہے۔

تاہم اس اہم اجلاس کی خاص بات یہ تھی کہ یہ بغیر کورم کے منعقد ہوالیکن حکومت اور اپوزیشن کے کسی بھی رکن نے کورم کی نشاندہی کرنے کی جرات نہیں کی۔33ارکان کے ایوان میں صرف 10 ارکان اسمبلی حاضر تھے۔

 

Scroll to Top