آزادکشمیر سمیت پاکستان بھر میں سونے کی قیمت میں گیارہ سو روپے کی کمی ریکارڈ

کراچی(کشمیر ڈیجیٹل)آزادکشمیر سمیت پاکستان بھر کے صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی آگئی۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آزادکشمیر سمیت پاکستان کی مختلف صرافہ مارکیٹوں میں 24 قیراط کے حامل سونے کی قیمت میں 1100 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 56 ہزار 600 روپے پر آگئی۔

جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا کہ فی تولہ سونے کی قیمتوں میں کمی کے باعث 10 گرام سونے کے بھاؤ میں بھی کمی دیکھنے میں آئی، ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 24 قیراط کے حامل 10 گرام سونے کی قیمت میں آج 943 روپے کمی ہوئی جس کے بعد پاکستان میں 10 گرام سونا 3 لاکھ 5 ہزار 727 روپے کا ہو گیا۔

اسی طرح عالمی صرافہ بازاروں میں بھی آج سونے کے نرخوں میں کمی کا رجحان رہا، بین الاقوامی صرافہ بازاروں میں فی اونس سونے کی قیمت میں 11 ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد عالمی صرافہ مارکیٹوں میں فی اونس سونے کی قیمت 3 ہزار 339 ڈالر کی سطح پر آگئی۔

دوسری جانب ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 4ہزار 31روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی ردوبدل کے 3 ہزار 455 روپے کی سطح پر برقرار رہی۔

ادھر پاکستان سٹاک مارکیٹ آج نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے تاریخی بلندیوں پر پہنچ گئی، پی ایس ایکس 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 50 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم یوتھ لون اسکیم 2025 کا آغاز، اسٹارٹ اپس کو لاکھوں روپے قرضہ دینے کا اعلان

Scroll to Top