آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع

(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ موسمیات نے آج سے مون سون بارشوں کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے تحت آزاد کشمیر سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیجِ بنگال پر موجود ہوا کا کم دباؤ مون سون سسٹم کو مزید مضبوط کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں آج سے منگل تک کشمیر، اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارشیں متوقع ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سندھ اور بلوچستان بھی بارشوں کی لپیٹ میں آئیں گے اور کراچی سمیت دونوں صوبوں میں آج سے 22 اگست تک موسلادھار بارشیں برسنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے باعث ممکنہ فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور کلاوڈ برسٹ سے متاثرہ علاقوں کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ خطرناک علاقوں میں سیاحوں کو جانے سے روکنے کے لیے ضرورت پڑنے پر دفعہ 144 نافذ کی جا سکتی ہے تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top