(کشمیر ڈیجیٹل) سلطنتِ عمان نے پاکستانی شہریوں کے لیے 11 پیشہ ورانہ شعبوں میں ورک ویزے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان روزگار کے مواقع بڑھانے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان کے عمان میں سفیر سید بخاری نے بتایا کہ “یہ خوشخبری میں آپ کے پلیٹ فارم پر شیئر کرنا چاہتا ہوں کہ حال ہی میں تقریباً چند روز قبل عمانی حکومت نے ہمارے تجویز کردہ 11 پیشہ ورانہ کیٹیگریز کے لیے ویزے کھولنے کی منظوری دی ہے، جو زیادہ تر اہم پیشوں کا احاطہ کرتی ہیں۔”
سید بخاری نے اس فیصلے کو تمام پابندیاں ختم کرنے کے طویل المدتی وژن کی جانب ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں پاکستانی کاروباری شخصیات کے لیے بھی عمانی مارکیٹ میں داخلے کے ویزوں میں نرمی سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آج سے 21 اگست کے دوران ملک کےبالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے
ان کا کہنا تھا کہ “حتمی وژن یہ ہے کہ تمام پابندیاں ختم ہو جائیں۔ اس میں چند ہفتے یا مہینے لگ سکتے ہیں، لیکن ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔”