موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ بہترکردی،وزیر خزانہ نے بھی عوام کو خوشخبری سنا دی

عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ بہتر کر کے سی ڈبل اے ون کر دی۔

موڈیز کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مقامی اور غیر ملکی کرنسی کی کریڈٹ ریٹنگ سی ڈبل اے ٹو تھی جسے بہتر کر کے سی ڈبل اے ون کیا جا رہا ہے۔

عالمی ایجنسی کے اعلامیے کے مطابق پاکستان کے کریڈٹ آؤٹ لک کو بھی مثبت سے مستحکم کر دیا گیا ہے۔

موڈیز کا کہنا ہے پاکستان کی بہتر بیرونی پوزیشن اپ گریڈ کی وجہ ہے، اپ گریڈ کا سبب آئی ایم ایف پروگرام میں جاری ریفارمز کے سبب بھی ہے۔

عالمی ریٹنگ ایجنسی کے مطابق توقعات ہیں کہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر بڑھتے رہیں گے، تاہم پاکستان کو آفیشلز پارٹنرز کی ضرورت رہے گی۔

ادھر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب شرح سود میں مزید کمی اور بجلی سستی ہونے کا اشارہ دیا ہے۔

راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا اقتصادی میدان میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف عالمی مالیاتی ادارے بھی کر رہے ہیں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا گزشتہ ڈیڑھ سال میں معیشت مستحکم ہوئی ہے، پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی لائی گئی ہے اور اس میں مزید کمی کی گنجائش بھی ہے، شرح سود میں جلد مزید کمی کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

ان کہنا تھا مانتا ہوں ایس ایم ای سیکٹر کو جاری قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ہوا، قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ایک بڑا اضافہ ہے لیکن جیسے جیسے قرضوں کی ادائیگی ہو گی یہ صورتحال بہتر ہوگی۔

ریاستی ملکی اداروں کی نجکاری کا عمل تیزی سے جاری رہے گا جبکہ حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار زرعی آمدنی کو بھی ٹیکس نظام کا حصہ بنایا گیا ہے، ٹیکس کے نظام کو ہم نے ٹھیک کرنا ہے، ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے سوا ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں ہے، جتنی مالیاتی اسپیس میسر تھی اس کے مطابق تنخواہ داروں کو ریلیف دے چکے، تنخواہ دار طبقے پر مزید ٹیکس نہیں ڈال سکتے۔

Scroll to Top