لاہور(کشمیر ڈیجیٹل) ایپل کمپنی کا اپنے جدید آئی فون 17 سیریز کے ماڈلز ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا فیصلہ
آئی فون 17، 17 پرو اور 16 پرو میکس کے ساتھ نیا اور بہت پتلا آئی فون 17 ائیر کو آئی او ایس 26 کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا۔
ابھی تک کمپنی کی جانب سے نئی سیریز کے فونز متعارف کرانے کی باضابطہ تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
مگر ان ڈیوائسز کے بارے میں لیکس مہینوں سے سامنے آرہی ہیں اور بظاہر کچھ بھی ایسا نہیں جس سے یہ کمپنی صارفین کو چونکا سکے۔
مگر ان فونز کی قیمت کیا ہوسکتی ہے؟ یہ وہ سوال ہے جو صارفین کے ذہنوں میں کافی عرصے سے موجود ہے۔
اب ایک نئی لیک میں آئی فون 17 سیریز کی قیمتوں کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس سیریز کے انٹری ماڈل آئی فون 16 کی قیمت 799 ڈالرز سے شروع ہوگی۔
آئی فون 16 کی قیمت بھی یہی ہے یعنی اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہو رہی ہے۔
مگر باقی تینوں ماڈلز گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ مہنگے ہوں گے۔
آئی فون 16 پرو کی قیمت 999 ڈالرز سے شروع ہوئی تھی مگر آئی فون 17 پرو کی قیمت 1049 ڈالرز سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
آئی فون 16 پرو میکس کی قیمت 1199 ڈالرز تھی مگر 17 پرو میکس کی قیمت 1249 ڈالرز سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
آئی فون 17 ائیر کی قیمت 949 ڈالرز ہوگی یعنی یہ نیا فون آئی فون 16 پلس کے مقابلے میں 50 ڈالرز زیادہ مہنگا ہوگا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارت اور چین پر عائد ٹیرف کی وجہ سے آئی فونز کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔
واضح رہے کہ بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کے نئے آئی فونز 9 یا 10 ستمبر کو ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرائے جائیں گے۔
اس سال کے آئی فونز میں کیا کچھ نیا ہوگا؟
آئی فون 17 سیریز کے بیک پر کیمرا ڈیزائن کو نمایاں حد تک تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ 2020 میں آئی فون 11 کو متعارف کرائے جانے کے بعد سے ایپل کے اسمارٹ فونز کے کیمرا ڈیزائن میں کوئی خاص تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی۔
آئی فون 17 سیریز میں بیک پر اسکوائر کیمرا سیٹ اپ کو ختم کر دیا جائے گا اور اس کی جگہ نیا ڈیزائن اپنایا جائے گا۔
درحقیقت آئی فونز کا بیک کیمرا ڈیزائن کافی حد تک گوگل پکسل فونز کے پل (pill) کیمرا بار جیسا ہو جائے گا۔
اسی طرح فرنٹ کیمرے کے ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن میں بھی تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں گی جبکہ زیادہ فاسٹ میگ سیف چارجنگ اور اے 19 چپس بھی فونز کا حصہ بنائی جائیں گی۔
آئی فون 17 ائیر اس کمپنی کا سب سے پتلا اسمارٹ فون ہوگا جو کہ آئی فون 16 پلس کی جگہ لے گا۔
اس فون کے بیک پر ایک ہی کیمرا ہوگا جو کہ ممکنہ طور پر 48 میگا پکسل کا ہوگا۔
درحقیقت اس فون کا ڈیزائن ہی اسے صارفین کے لیے زیادہ پرکشش بنائے گا ورنہ فیچرز کے لحاظ سے یہ اسٹینڈرڈ ماڈل سے زیادہ خاص نہیں ہوگا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:یوٹیوب کا نیا فیچرمتعارف: اے آئی سے صارفین کی عمر کی جانچ