(کشمیر ڈیجیٹل) چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں چکن گونیا کا پھیلاؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق صرف ایک ماہ کے دوران 8 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
چینی حکام نے مرض پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات شروع کر دیے ہیں، جن میں متاثرہ علاقوں میں ڈرونز کے ذریعے مچھر مار اسپرے شامل ہے۔ اس کے علاوہ کھلے مقامات سے ایسے برتن ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے جن میں موجود پانی مچھروں کی افزائش کا سبب بن سکتا ہو۔
صحت کے حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مچھروں سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی مشتبہ علامت کی صورت میں فوری قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔
یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم میں ضعیف العمر خاتون پر پوتے کا تشدد : ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ چکن گونیا عام طور پر ایشیا، افریقا اور جنوبی امریکا میں وقتاً فوقتاً پھیلتا رہتا ہے، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ چین میں یہ مرض انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے۔