(کشمیر ڈیجیٹل) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی جنگی طیارے گرائے جانے کی تصدیق کی ہے۔ آذربائیجان اور آرمینیا میں امن معاہدے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں 5 یا 6 جنگی طیارے مار گرائے گئے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک ایک بڑے تنازع میں مبتلا تھے اور ممکنہ ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچ چکے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ جنگ نہیں بلکہ امن اور تجارت چاہتے ہیں، اور انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوانے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ روس کے ساتھ ڈیل آخری مرحلے میں ہے اور جلد ہی صدر پیوٹن اور زیلنسکی سے ملاقات ہوگی، کیونکہ روس اور یوکرین اب امن چاہتے ہیں۔
پاک بھارت جنگ بندی کے حوالے سے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دونوں ملک بڑی جنگ کی طرف بڑھ رہے تھے، لیکن انہیں کہا گیا کہ لڑائی کے بجائے تجارت کریں اور دونوں ممالک کے رہنماؤں نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کا بڑا کریک ڈاؤن، لاکھوں جعلی اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دیے!
دوسری جانب بھارت نے امریکا کے حالیہ ٹیرف اقدامات سے نالاں ہو کر روس اور چین سے تعلقات مزید مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سات سال بعد پہلی مرتبہ چین کا دورہ کریں گے، جبکہ انہوں نے روسی صدر پیوٹن کو بھی بھارت آنے کی دعوت دی ہے۔ اس کے علاوہ بھارت نے امریکا سے ہتھیاروں اور طیاروں کی خریداری روک دی ہے، جسے عالمی ماہرین ایک سنجیدہ اقدام قرار دے رہے ہیں۔