چیمپیئنز ٹرافی،دبئی میں پاک بھارت میچ کی تمام ٹکٹیں گھنٹےسے کم وقت میں فروخت

متحدہ عرب امارات میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے پاک بھارت میچ کی تمام ٹکٹیں ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں فروخت ہو گئیں۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق پیر کودبئی میں جیسے ہی گھڑی پر 4 بجے پرجوش شائقین کرکٹ ٹکٹ خریدنے کے لئے پہلے سے ہی تیار بیٹھے تھے، ایک مداح کا کہنا تھا کہ صرف 2 منٹ کے اندر ہی اس نے خود کو قطار میں 111،000 سے زیادہ ٹکٹ خریدنے والے شائقین کے پیچھے پایا۔

تقریباً ایک گھنٹے تک قطار میں کھڑے رہنے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کی ٹکٹیں بک کرانے کے خواہشمند شائقینِ کرکٹ کو کسی بھی کیٹیگری میں ٹکٹ کے حصول سے محروم ہونا پڑا ۔

یہ بھی پڑھیں:کوٹلی آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والا پاکستانی نژاد برطانوی باکسرآدم عظیم عالمی چیمپئن بن گیا

شام 4 بج کر 56 منٹ تک دونوں حریف ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کی تمام کیٹیگریز کی ٹکٹیں فروخت ہو چکی تھیں

دبئی میں ہونے والے اس اہم میچ کےٹکٹ کی کم سے کم قیمت 500 درہم(38 ہزار پاکستانی روپے)  تھی جب کہ 12 ہزار 500 درہم کا مہنگا ترین پاس بھی رکھا گیا تھا۔اس کے علاوہ ایک ہزار، 1200، 2500، 5000 درہم کا ٹکٹ بھی فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔

شارجہ سے تعلق رکھنے والی پاکستانی نژاد شہری زرلیش کامل کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے پاکستان اور بھارت کے درمیان میدان میں ایک بھی میچ نہیں دیکھ پائی ہیں۔

شارجہ سے تعلق رکھنے والی ایک بھارتی خاتون نمیتا انیش نے کہا کہ ٹکٹ بہت مہنگے تھے‘ کیونکہ قطار میں ان کی باری آنے پر کم قیمت والی کیٹیگری کی تمام ٹکٹیں فروخت ہو چکی تھیں۔

دسمبر 2024 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت کے میچوں کی میزبانی کیلئے دبئی کو نیوٹرل مقام قرار دیا تھا۔

دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 20 فروری کو بھارت بمقابلہ بنگلہ دیش، 23 فروری کو پاکستان بمقابلہ بھارت اور 2 مارچ کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 کھیلے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:چیمپئنز ٹرافی 2025فائنل کا حقدارکون؟: رکی پونٹنگ کی پیشگوئی

دبئی 4 مارچ کو پہلے سیمی فائنل کی میزبانی کریگا اور اگر بھارت فائنل میچ کیلئے کوالیفائی کرتا ہے تو فائنل 9 مارچ کو ہوگااگر بھارت ٹائٹل کے فیصلہ کن میچ کے لیے کوالیفائی نہیں کرتا تو لاہور میں پاکستان دوسرے سیمی فائنل اور فائنل کی میزبانی کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ہونے والے میچز کے لیے ٹکٹس کی فروخت کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے، جن میں جنرل اسٹینڈ کی قیمت 1000 روپے (13 درہم) اور پریمیم نشستیں 1500 پاکستانی روپے میں دستیاب تھیں۔

 

Scroll to Top