مظفر آباد: وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نےکہا ہے کہ ہم نے مافیاز کو نکیل ڈال دی ہے اورریاست میں اقرباپروری کا بھی خاتمہ کرتے ہوئے عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے وزیر حکومت سردار محمد حسین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اورمنگ جسہ پیر کے دورہ کی دعوت دی۔
ملاقات میں وزیراعظم کو منگ میں حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے اٹھائے گئے انقلابی اقدامات ، وسائل کے مؤثر استعمال اور مستقبل کے لیے درپیش چیلنجز بارے بھی آگاہ کیا گیا ۔
ملاقات میں امیر جماعت اسلامی ضلع سدھنوتی سردار ذوالفقار ،ممبر ان ضلع کونسل سردار شوکت علی، سردار آفتاب ، صدر مسلم لیگ (ن) منگ سردار شبیر ، چیئرمین نواب جسی خان فاؤنڈیشن سردار تنویر خادم چیئرمین یونین کونسل منگ سردار طاہر اور دیگر شامل تھے ۔
یہ بھی پڑھیں: انوارالحق پر وفاقی حکومت کا دبائو کام کرگیا،اڑھائی سال بعد پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تشکیل،سردار عتیق چیئرمین نامزد
وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے اس موقع پر کہا کہ حکومت نے عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے مثالی اقدامات اٹھائے ہیں ، روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا گیا ہے۔
صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات لائی گئیں ہیں ، حکومت نے اجتماعیت کو فوقیت دی ہے، ریشنلائزیشن کی بدولت اداروں کی کارگردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے،گورننس سسٹم کو مؤثر بنایا ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ خدمت کا مشن جاری رکھیں گے ، ہم نے گورننس کو بہتر بنا کر عوام اور حکومت کے درمیان رشتے کو مضبوط کیا ہے ، عوام دوست اقدامات سے حقیقی فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیری عوام بھارت کا غاصبانہ قبضہ کبھی قبول نہیں کریں گے، چوہدری انوارالحق
انہوں نے کہا کہ مافیاز کو نکیل ڈالی ہے ، ریاست سے اقربا پروری کا خاتمہ کرکے عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر خرچ کیا ہے ،خطہ کی پائیدار ترقی کے لیے عوام دوست اقدامات اٹھاتے رہیں گے ۔




