کشمیر ہر حوالے سے پاکستان کا حصہ ،مسئلہ حل ہونے تک امن قائم نہیں ہوگا، رانا قاسم

اسلام آباد:چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ ہے کہ کشمیر پاکستان میں سیاست کی تقسیم سے بالاتر ایشو ہے، کشمیر ہر حوالے سے پاکستان کا حصہ ہے۔

پاکستان کشمیر کے لئے جنگیں لڑ چکا ہے پاکستان کشمیر کیلئے مزید جنگیں لڑنے کو تیار ہے، جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوگا خطے میںامن نہیں آسکتا۔

یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے رانا قاسم نون نے کہا کہ کشمیر،سندھ طاس معاہدہ اور بھارتی دہشتگردی کے مسئلے حل ہوں گے تو ہی امن آئے گا۔

انہو ںنے کہا کہ کشمیر عالمی مسئلہ ہے اب تو دنیا بھی تسلیم کررہی ہے کہ کشمیر عالمی مسئلہ ہے، کشمی پاکستان کی شہ رگ ہے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بدلنے کی کوشش کی ہے۔

دنیا میں کشمیر سے زیادہ فوج کسی علاقے میں نہیں ہے ،دس لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں ہیں ،غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں مماثلت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مسئلہ کشمیر عالمی تنازعہ،بھارت کی کوئی بھی یکطرفہ تبدیلی قبول نہیں، رانا قاسم نون

غزہ میں 60ہزار تو کشمیر میں ایک لاکھ سے زائد لوگ شہید ہوچکے ہیں انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد آزادی کی تحریکوں کو بھی دہشت گردی قرار دیا گیا حالات بدلے تو آج دنیا کشمیریوں کے حقوق کی بات کررہی ہے۔

مودی نے پلوامہ و پہلگام جیسے فالس فلیگ آپریشن کئے ،مودی نے بابری مسجد کی شہادت ،مقبوضہ کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت ختم کرنا اپنا انتخابی منشور قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے شبیر شاہ ،ڈاکٹر قاسم فکتو، آسیہ اندرابی، یاسین ملک جیسے نیلسن منڈیلا پیدا کئے ہیں، سید علی گیلانی سے پوچھ لیں ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے۔

انہو ںنے کہاکہ پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان نے ہرطرح کی تحقیقات کی پیشکش کی دس مئی کے بعد پاکستان نے نیا جنم لیا ہے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سلام پیش کرتے ہیں کہ کیسے انہوں نے بھارتی غرور خاک میں ملایا۔

چین کو بھارت نے 1962میں کم تر سمجھا منہ کی کھائی، دس مئی 2025کو پاکستان کو کم تر سمجھا تو مودی کو پھر شکست کھانا پڑی ،آج مودی کے سیاسی کیئرئر کے خاتمے کی بات ہورہی ہے۔

چیئرمین کشمیر کمیٹی نے واضح کیا کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوگا امن قائم نہیں ہوگا۔

سیمینار سے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع فتح اللہ،سابق وزیر آزاد کشمیر فرزانہ یعقوب، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سابق جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما عبدالحمید لون نے بھی خطاب کیا ۔

Scroll to Top