نیلم: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے نیلم کا دورہ کرتے ہوئے جاگراں ہائیڈل پاور پراجیکٹ فیز-II کے تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور پاور ہاؤس میں جاری مشینری انسٹالیشن کے عمل کا معائنہ کیا۔
وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تکمیل آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ وہ ذاتی طور پر اس منصوبے کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ اسے ہر قیمت پر جون 2025 سے پہلے مکمل کیا جا سکے۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام وسائل بروئے کار لا کر اس منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔
بعد ازاں وزیراعظم نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹھمقام کا دورہ کیا جہاں انہیں ہسپتال میں دستیاب سہولیات اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی گئی، انہوں نے ہسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی سمیت دیگر طبی مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت جاری کی اور یقین دہانی کرائی کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال آٹھمقام میں تمام بنیادی طبی سہولیات جلد فراہم کی جائیں گی۔
یہ بھی پرھیں: یومِ یکجہتی کشمیرکوتحریک انصاف کی جانب سےبھرپور انداز میں منانےکا اعلان
وزیراعظم آزاد کشمیر نے بالائی نیلم میں شدید برفباری کے باعث متاثرہ علاقوں میں صحت کی ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام کو مشکلات سے نکالنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار گریس ویلی کی شاہراہ کو جنوری کے مہینے میں بحال کروایا گیا جو حکومت کی عوامی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدگی کا واضح ثبوت ہے۔
وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے اس دورے کو عوامی اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف توانائی کے شعبے میں نمایاں پیش رفت متوقع ہے بلکہ صحت اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے بھی مثبت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔