لُوٹن (کے نیوز ایچ ڈی)پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سینئر رہنما اور حلقہ چڑہوئی سے سابق ٹکٹ ہولڈر راجہ محمد اقبال خان نے گزشتہ روز مسلم لیگ ن برطانیہ کے چیئرمین و میڈیا ایڈوائزر راجہ شفیق پلالوی کی رہائش گاہ پر ایک اہم ون ٹو ون ملاقات کی ۔
اس تفصیلی ملاقات میں ماضی کی سیاسی صورت حال، موجودہ چیلنجز اور آئندہ کے امکانات پر کھل کر مشاورت کی گئی ۔ بالخصوص جماعت کی تنظیمی حکمت عملی ، کارکنان کی شمولیت اور حلقہ چڑہوئی میں پارٹی کی پوزیشن پر سنجیدہ تبادلہ خیال ہوا ۔
یہ بھی پڑھیں:طارق فاروق انوارالحق کے والد کو بھی شکست دےچکے،ن لیگ
راجہ محمد اقبال خان کی سیاسی بصیرت ، اصول پسندی اور عوامی حمایت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ملاقات سیاسی طور پر ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے ۔
ذرائع کے مطابق وہ اپنے برطانیہ کے حالیہ دورے کے اختتام پر جلد وطن واپسی کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ اپنی سیاسی سرگرمیوں کو نئے جذبے اور عزم کے ساتھ جاری رکھ سکیں ۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت مسلم لیگ ن کی ہوگی : شاہ غلام قادر کا دعویٰ
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پارٹی معاملات ، تنظیمی فیصلے اور آئندہ انتخابی حکمت عملی مکمل مشاورت ، باہمی اعتماد اور قیادت کی رہنمائی میں طے کیے جائیں گے ۔
یہ ملاقات نہ صرف جماعتی اتحاد اور یگانگت کی عکاس تھی بلکہ حلقہ چڑہوئی میں آئندہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے تناظر میں ایک امید افزا پیش رفت سمجھی جا رہی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزراسے ملاقاتیں،آزادکشمیر کے انتخابات میں ن لیگ کامیابی سمیٹے گی، مشتاق منہاس