مظفرآباد چیمبر

مظفرآبادچیمبر آف کامرس کے وفد کی سیکرٹری سیاحت چوہدری عبدالرحمٰن سے اہم ملاقات

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)مظفرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایم سی سی آئی) کے وفد نے آزاد کشمیر کے سیکرٹری سیاحت چوہدری عبدالر حمٰن سے ٹورازم کمپلیکس میں ملاقات کی ۔

ملاقات کے موقع پر ناظم اعلیٰ سیاحت و آثار قدیمہ مہربان حسین چوہدری اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ اس ملاقات کے دوران ڈائریکٹر جنرل سیاحت مہربان حسین چوہدری نے آزاد کشمیر میں سیاحتی سرمایہ کاری کے مختلف مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی ۔

یہ بھی پڑھیں:کاروباری اداروں نے مظفرآباد چیمبرآف کامرس کی رکنیت کیلئے فارم جمع کرانا شروع کردئیے

انہوں نے ماحولیاتی سیاحت (ایکو ٹورازم) ریزورٹس، ایڈونچر ٹورزم سہولیات، چیئر لفٹ اور کیبل کار منصوبوں کے علاوہ پائیدار رہائش گاہوں کی ترقی کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ، آزاد جموں و کشمیر ٹورزم پروموشن ایکٹ 2019 کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جو نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لیے آسان اور موثر ون ونڈو آپریشن فراہم کرتا ہے ۔

وفد نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) ماڈلز، انفراسٹرکچر کی ترقی اور استعداد کار بڑھانے کے منصوبوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ اجلاس کے اختتام پر سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے، پائیدار ترقی یقینی بنانے اور آزاد کشمیر کو ایک نمایاں سیاحتی مقام بنانے کے لیے مشترکہ تعاون پر اتفاق کیا گیا ۔

یہ بھی پڑھیں:بابر خلیل الرحمان چغتائی مظفرآبادچیمبر کے گلف ممالک کیلئے صدر نامزد

سیکرٹری سیاحت چوہدری عبدالرحمٰن نے چیمبر آف کامرس کے وفد کی سیاحتی سرمایہ کاری میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے قانونی سہولتیں اور حوصلہ افزائی فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی خوبصورتی کا حامل علاقہ ہے جہاں سیاحوں کے لیے دلکش مقامات موجود ہیں اور یہاں سرمایہ کاری کے مواقع محفوظ اور منافع بخش ہیں ۔

ایم سی سی آئی چیمبر کے صدر خواجہ احتشام ووگرہ نے کہا کہ سرمایہ کاری سے نہ صرف مقامی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ مقامی لوگوں کی زندگیوں میں بھی بہتری آئے گی اور اس سے زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا ۔

Scroll to Top