آزاد کشمیر میں مون سون کا پانچواں سپیل، آئندہ تین روز شدید بارشوں کی پیشگوئی

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)دارالحکومت مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی اور حبس کے بعد مون سون کی بارشوں کا پانچواں سپیل شروع ہوگیا ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی و حبس میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے ملک بھر میں مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ داخل ہو رہی ہیں، جن کی وجہ سے آئندہ تین روز تک شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان ہواؤں کا خاص زور بالائی علاقوں میں محسوس کیا جائے گا جن میں آزاد کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات موجود ہیں، لہٰذا متعلقہ اداروں اور عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کے لیے چار ناموں پر مشتمل پینل وزیراعظم پاکستان کو بھجوا دیا گیا

ادھر بلوچستان میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جو 31 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جبکہ سندھ کے مختلف علاقوں میں بدھ اور جمعرات کے دوران بارش متوقع ہے۔

Scroll to Top