سیکریٹری فوڈ اتھارٹی آزاد جموں و کشمیر نے عدالت العظمیٰ میں زیر سماعت کیس “شاہر زمان بنام فوڈ اتھارٹی” اور عدالتِ عالیہ میں مقدمہ “فروزن فوڈ بخلاف بلدیہ مجسٹریٹ” کی روشنی میں پورے خطے میں اشیائے خوردونوش اور گوشت کی معیاری فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام اضلاع کے فوڈ کنٹرولرز اور فوڈ سیفٹی آفیسرز کو سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔
فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام فروزن فوڈ، دودھ، پانی، مشروبات، مصالحہ جات اور دیگر اشیاء خوردونوش کی کوالٹی چیک کی جائے گی، جبکہ گوشت کی کوالٹی، ذبح کے طریقہ کار اور صفائی کے معیار پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ غیر معیاری، غیر رجسٹرڈ یا بغیر لیبارٹری رپورٹ فروخت ہونے والی اشیاء کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر بازاروں، ہوٹلوں، بیکریوں اور سٹورز پر معائنہ کر رہی ہیں اور ناقص، مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایئ-ڈا: روبوٹ فنکارہ جو انسانی چہرے دیکھ کر تصویریں بناتی ہے
عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کھانے پینے کی اشیاء خریدتے وقت ان کی معیاری حالت، لیبلنگ اور صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوڈ اتھارٹی کو فوری اطلاع دیں۔