(کشمیر ڈیجیٹل)میٹا نے اپنی سوشل میڈیا ایپس کو آپس میں مزید مربوط کرنے کے لیے واٹس ایپ میں ایک نیا فیچر متعارف کروایا ہے جس کے تحت صارفین اپنی فیس بک یا انسٹاگرام پروفائل تصویر کو واٹس ایپ پر براہ راست امپورٹ کرکے پروفائل فوٹو کے طور پر سیٹ کر سکیں گے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے، اور اس کا استعمال انتہائی آسان ہے۔ صارفین کو واٹس ایپ کی پروفائل سیٹنگز میں جا کر “پروفائل پکچر ایڈٹ” کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا، جہاں اگر فیچر فعال ہوا تو انسٹاگرام اور فیس بک کے آپشنز دکھائی دیں گے۔
فی الوقت واٹس ایپ پر صارفین اپنی پروفائل فوٹو فون گیلری، ڈیجیٹل اواتار یا اے آئی سے تیار شدہ تصویر کے ذریعے تبدیل کر سکتے ہیں، لیکن یہ نیا فیچر انہیں میٹا کی دیگر ایپس سے تصویر امپورٹ کرنے کی سہولت دے گا۔ یہ فیچر اختیاری ہوگا اور بطورِ ڈیفالٹ بند رہے گا۔ اسے استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ میٹا کے اکاؤنٹ سینٹر سے منسلک کرنا ہوگا، تاہم رپورٹ کے مطابق اس سے صارفین کی پرائیویسی متاثر نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: کھلاڑیوں کیلئے خوشخبری، وزیراعظم نے انعامی رقوم میں ریکارڈ اضافے کا اعلان کردیا
چونکہ فیچر ابھی بیٹا مرحلے میں ہے، اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہ عام صارفین کے لیے کب دستیاب ہوگا، لیکن توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد ہی یہ سہولت تمام صارفین کو فراہم کی جائے گی۔