عمان میں مقیم پاکستانی 31 جولائی سے قبل ویزا تجدید کروا لیں، وزارت لیبر کا نوٹس

(کشمیر ڈیجیٹل )عمان میں مقیم غیر ملکی شہریوں بشمول پاکستانیوں کیلئے ایک اہم اطلاع جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق تمام غیر ملکیوں کو 31 جولائی 2025 تک لازمی طور پر اپنے ویزا کی تجدید کروانا یا ملک چھوڑنا ہوگا۔ بصورت دیگر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

عمانی وزارتِ لیبر نے حتمی نوٹس جاری کرتے ہوئے غیر ملکی شہریوں، آجروں اور کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 31 جولائی کی ڈیڈ لائن سے قبل رعایتی مدت کا فائدہ اٹھا کر اپنے لیبر ویزا کی تجدید کروائیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، وزارت لیبر نے وضاحت کی ہے کہ 31 جولائی 2025 کے بعد کسی قسم کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔ تمام درخواستیں سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارم یا منظور شدہ سروس سینٹرز کے ذریعے جمع کروائی جا سکتی ہیں۔

یہ ہدایت اُس وسیع ایمنسٹی پیکج کے تسلسل میں سامنے آئی ہے جو جنوری 2025 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اس پیکج کی منظوری عمانی کابینہ نے دی تھی جس کی مالیت 60 ملین عمانی ریال (تقریباً 156 ملین امریکی ڈالر) تھی۔

ایمنسٹی پروگرام کے مقاصد میں لیبر مارکیٹ کو ضابطے میں لانا، کارکنوں اور آجروں کے حقوق کا تحفظ اور بہتر روزگار ماحول کی فراہمی شامل ہے۔

اس اقدام کے تحت دی جانے والی سہولیات درج ذیل ہیں:

  • سات سال سے غیر فعال لیبر کارڈز پر تمام جرمانوں اور واجبات کی مکمل معافی
  • 2018 سے پہلے عمان چھوڑنے والے کارکنوں کیلئے وطن واپسی کے اخراجات سے استثنیٰ
  • 10 سال سے زائد غیر استعمال شدہ لیبر کارڈز کی خودکار منسوخی (اگر سروس سے متعلق کوئی زیر التواء درخواست موجود نہ ہو)

رعایتی مدت (1 فروری تا 31 جولائی 2025) کے دوران غیر ملکی افراد درج ذیل سہولیات حاصل کر سکتے ہیں:

  • آئندہ دو سالوں کیلئے فیس ادا کر کے میعاد ختم ہونے والے لیبر کارڈز کی تجدید
  • کام چھوڑنے کی رپورٹوں کی منسوخی
  • کفالت کی منتقلی یا وطن واپسی کے اخراجات کا تعین

تمام درخواستیں وزارت کی سرکاری ویب سائٹ یا مجاز سروس چینلز کے ذریعے جمع کی جائیں

یہ بھی پڑھیں: کشمیری سنتور کی آخری صدا، غلام محمد زاز کا فن اور صبر آزما جدوجہد

اعداد و شمار کے مطابق عمان میں غیر ملکی افرادی قوت کا بڑا حصہ بنگلہ دیش (622,078)، بھارت (507,956) اور پاکستان (314,997) کے شہریوں پر مشتمل ہے۔

Scroll to Top