اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) نے انفرادی صارفین اور تاجروں کیلئے اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو آسان بنانے کیلئے جامع فریم ورک متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد مالی شمولیت اور ڈیجیٹل رسائی کو فروغ دینا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق نیا فریم ورک اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو معیاری، سادہ اور تیز تر بنائے گا، دستاویزی تقاضوں کو کم کرے گا اور یہ یقینی بنائے گا کہ دو کام کے دنوں کے اندر اکاؤنٹ کھل جائے۔
صارفین اپنے اکاؤنٹ کی درخواست کی حیثیت کو بھی ٹریک کر سکیں گے، جس سے یہ عمل مزید شفاف اور صارف دوست بن جائے گا۔
آن بورڈنگ سسٹم کو مزید محفوظ اور مؤثر بنایا گیا ہے جس کے تحت تمام اقسام کے بینک اکاؤنٹس آن لائن کھولے جا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: زرعی ترقیاتی بینک میں بے ضابطگیاں، 11 ارب روپے سے زائد قرضہ لینے والوں کا ریکارڈ غائب
اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام تاجروں کو کم از کم ایک ڈیجیٹل ادائیگی کا طریقہ مہیا کریں اور نئے کاروباری افراد کیلئے اکاؤنٹ کھلوانے کا عمل سہل بنائیں۔
یہ اقدامات اسٹیٹ بینک کی جاری کوششوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد غیر بینک شدہ آبادی اور غیر رسمی تاجروں کو باضابطہ بینکاری نظام میں لانا اور نقدی پر مبنی لین دین کی جگہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینا ہے۔