ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) سراں کے مقام پر بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کیا اور مین شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت راجہ حارث نے کی، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی بار بار بندش سے گھریلو زندگی، کاروبار اور طلبہ کی تعلیم شدید متاثر ہو رہی ہے، جبکہ متعلقہ ادارے مسلسل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ واقعے کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ سٹی ہٹیاں بالا منظر حسین چغتائی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ انتظامیہ کی بروقت مداخلت سے ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔
ادھر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور ناقص موبائل سروس کے خلاف شہریوں کی جانب سے پہیہ جام ہڑتال کے اعلان کے بعد محکمہ پی ڈی او کے ذمہ داران خواجہ مسعود، شہزاد گوہر اور مرزا ارشد بیگ ہٹیاں بالا پہنچ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: جدید دور میں لارڈ میکالے کا نظام تعلیم ناقابل قبول ہے: تجزیہ کار عبدالمنان سیف اللہ
یہ افسران کور ممبر آزاد جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور صدر انجمن تاجران سید فیصل گیلانی سے مذاکرات میں مصروف ہیں۔ مذاکرات کا عمل تاحال جاری ہے، جس میں عوامی مطالبات اور مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔